4 ستمبر 2014 - 14:35
افغانستان میں صدارتی انتخابات، ترانوے فیصد سے زیادہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ

افغانستان میں دوسرے دور کے صدارتی انتخابات کے ترانوے فیصد سے زیادہ ووٹوں کی، دوبارہ گنتی مکمل ہوچکی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان میں دوسرے دور کے صدارتی انتخابات کے ترانوے فیصد سے زیادہ ووٹوں کی، دوبارہ گنتی مکمل ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمد نور نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ابتک اکّیس ہزار، تین سو بیالیس سے زائد بیلٹ باکس کے ووٹوں کی، دوبارہ گنتی مکمل ہوچکی ہے جو کل ووٹوں کے ترانوے اعشاریہ چار، نو، فیصد پر مشتمل ہے۔ اس ترجمان نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل، قومی اور بین الاقوامی مبصرین کی نگرانی میں انجام پارہا ہے اور اب صرف ایک ہزار چار سو پچاسی بیلٹ باکس کے ووٹوں کی، دوبارہ گنتی کیا جانا باقی ہے اور پھر شکایات کاجائزہ لینے کے بعد انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا جائےگا۔واضح رہے کہ افغانستان کے دوسرے دور کے صدارتی انتخابات میں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی احمدزئی کے درمیان مقابلہ ہوا تھا مگر عبداللہ عبداللہ نے اس بات کا الزام عائد کرتے ہوئے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان دونوں امیدواروں نے افغانستان میں سیاسی بحران ختم کرنے کیلئے متحدہ قومی حکومت تشکیل دیئے جانے بھی اتفاق کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲